بولی وڈ کنگ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہولی وڈ میں کسی فلم کو سائن کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اداکار کو اس سے قبل ہولی وڈ کی کئی فلموں میں کام کرنے کی آفرز مل چکی ہیں تاہم انہوں نے ان آفرز کو مسترد کردیا۔
پنک ولا کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی قریبی دوست اور بولی وڈ ہدایت کار فرح خان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ شاہ رخ کو اس سے قبل امریکی فلموں میں کئی کردار ادا کرنے کے مواقع ملے تاہم انھوں نے ان میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔
مزید پڑھیں: صرف ایک ہی خان ہے اور وہ شاہ رخ ہیں‘
ایک طرف جہاں بولی وڈ کے اداکار ہولی وڈ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہتے ہیں وہیں شاہ رخ خان نے آخر اتنی بڑی آفر کیوں ٹھکرائی؟
فرح خان کے مطابق 'جہاں تک مجھے معلوم ہے شاہ رخ خان نے کئی ہولی وڈ فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا کیوں کہ ان کے مطابق وہ کردار اتنے بڑے اور اہم نہیں تھے'۔
شاہ رخ کو دنیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک مانا جاتا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ فلم 'برائیڈز میڈ' کے ہدایت کار پال فیج بھی شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
واضح رہے کہ ہولی وڈ کی مشہور فلم ’بلیڈ‘ کے مرکزی اداکار ویزلی سنائپس نے بھی شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے لیے بولی وڈ میں ایک ہی خان ہیں اور وہ شاہ رخ ہیں اور جب بھی وہ ہندوستان آئیں گے تو شاہ رخ خان کے ساتھ ضرور کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 'مجھے کبھی ہولی وڈ فلم کی پیشکش نہیں ہوئی'
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کا اس سے قبل کہنا تھا کہ انہیں آج تک کسی ہولی وڈ فلم کی آفر موصول نہیں ہوئی۔
ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا، ’آپ کو یہ جان کر بے حد حیرانی ہوگی لیکن مجھے اپنے کیرئیر میں آج تک کسی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیشکش نہیں ہوئی‘۔
ویسے بھی شاہ رخ خان کو ہولی وڈ کی نہیں، ہولی وڈ کو شاہ رخ خان کی ضرورت ہے۔
Post a Comment